حیدرآباد،غیر معیاری آٹا 75 روپے کلو فروخت ہونے لگا

323

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد میں آٹے کی قیمت 75روپے کلو ہوگئی غریب کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ۔ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک سندھ نے ایک مرتبہ پھر محمد علی چنڑ کو ڈی ایف سی حیدرآباد تعینات کردیا ہے جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال سرکاری گندم کوٹہ کے چالان سرکاری آفس میں بیٹھ کر پاس کرنے کے بجائے اپنے ایک مبینہ ایجنٹ فوڈ انسپکٹر نعمان قریشی کی معرفت کسی نا معلوم خفیہ مقام سے گندم چالان جاری کیے جس پر اس وقت کی ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک سندھ سمیت اعلی حکام کو ڈی ایف سی حیدرآباد کے غیر ذمے دارانہ رویہ کی تحریری شکایت کی مگر اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی بلکہ محکمہ خوراک سندھ نے سرزنش کرنے کے بجائے انہیں ایک مرتبہ پھر ڈی ایف سی حیدرآباد تعینات کردیا ہے۔جس سے آٹا چکی مالکان میں تشویش پائی جاتی ہے۔دوسری جانب آٹا چکی مالکان ذرائع سے حیدرآباد کے سرکاری فوڈ گرین گوداموں بالخصوص حالی روڈ فوڈ گرین گودام میں سرکاری طور پر اسٹاک کی گئی گندم میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر مٹی،پتھر اور جلی ہوئی ناقص گندم کی ملاوٹ کی بھی اطلاعات ہیں۔جو رواں ماہ سے حیدرآباد کے رولر فلور ملز اور آٹا چکیوں کو فراہم کی جائے گی۔اس ضمن میں سرکاری گندم میں مبینہ ملاوٹ کے مرتکب افسران کے خلاف تا حال کسی قسم کی کوئی تحقیقات سامنے آئی ہے اور نہ ہی ان کرپٹ اور راشی افسران کو فوڈ گرین گوداموں سے ہٹایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تمام صورتحال میں کرپٹ افسران کو بعض اعلی افسران کی مبینہ حمایت حاصل ہے۔ جو سندھ کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے ساتھ انسانی زندگیوں کو بھی خطرات سے دوچار کرنے کے مرتکب ہورہے ہیں جبکہ مفادات کی اس جنگ میں نشانہ صرف غریب عوام بن رہے ہیں آٹا چکی مالکان محکمہ خوراک کو ذمے داری قرار دے رہی ہیں لیکن عوام کس کو ذمے دار قرار دیں اور کس سے فریاد کریں شہر میں غیر معیاری آٹا بھی75روپے کلو فروخت ہورہاہے جس کے باعث ہوٹلوں پر بھی روٹی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
میلاد النبی کے پروگراموں کومحفوظ بنایا جائے ،میاں برکاتی
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بانی وچیئرمین دائرہ برکات اسلامی انٹر نیشنل مفتی احمد میاں برکاتی نے کہاہے کہ میلاد کے‘ جلسوں‘ محافل کو محفوظ بنانے کے لیے سیکورٹی کے انتظامات سخت کیے جائیں۔ قاری حارث جواد برکاتی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ میلاد النبی کے سلسلے میں 11ربیع الاول کو عام تعطیل کا اعلان کیاجائے ۔