گھارو،جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد

421

گھارو (نمائندہ جسارت)گھارو میں تحریک لبیک پاکستان اور سنی تحریک کی جانب سے جشن میلاد النبی کی آمد کے سلسلے میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت مولوی ارشد ملاح، حافظ عبدالمجید تونسفی و دیگر کررہے تھے۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں ہرے جھنڈے اٹھا کر لبیک یا رسول اللہ، حضور کی آمد مرحبا ،سرکار کی آمد مرحبا کے پرجوش انداز میں نعرے لگائے اور شاہراہ پر گشت کیا جبکہ بس اسٹاپ کے مقام پر ریلی اختتام پذیر ہو گئی۔ اس موقع پر مقررین نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کی تشریف آوری پوری کائنات کیلیے باعث رحمت ہے، آپؐ کی رحمت و شفقت انسانیت کیلیے رب کائنات کا عطیہ خاص ہے، آج لادینیت ، بے حیائی، عریانی، بد اخلاقی، سود کی لعنت نے ہمارے معاشرے کو جکڑ لیا ہے لہٰذا موجودہ دور میں مثالی معاشرے کی تشکیل اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب محسن انسانیت نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ کو راہ عمل بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حضورﷺ کی پیروی کی جائے اسی میں انسانیت کی نجات، فلاح اور کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول کو ہر سال کی طرح مرکزی جلوس وریلی نکالی جائیگی جس میں عاشقان رسول بھرپور شرکت کریں گے۔