بلوچستان اسمبلی میں سیاسی دنگل 20اکتوبر کو سجنے کا امکان

226

 کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تحریک عدم اعتماد کاسامنا کرنے کے لیے کمر کس لی ،وزیراعلیٰ اتحادیوں اور حامی ارکان سے مشاورت کے لیے جلد اجلاس طلب کریں گے ۔ 20 اکتوبر کوبلوچستان اسمبلی میں سیاسی دنگل سجنے کا امکان ہے۔ اتحادیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کا مشاورتی اجلاس جلد طلب کیاجائے گا۔ علاوہ ازیں اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد 20اکتوبر کواسمبلی میں پیش ہوگی ، پارٹی صدر ہمارے ساتھ ہیں، ناراض ارکان کی طرف سے کوئی فلور کراسنگ نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جام کمال کومزید کوئی موقع نہیں دیاجائیگا اگروہ پارٹی بچانے کے لیے استعفا دیتے ہیں تو یہ ان کی مہربانی ہے ،پارٹی صدارت سے استعفا دیکرواپس لینا جام کمال کوزیب نہیں دیتا۔ قدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی جام کمال کوکہاہے کہ وہ اعتماد کاووٹ لیں ۔ مزید برآںگورنربلوچستان سید ظہورآغا نے وزیر اعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسمبلی اجلاس سے متعلق وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔