سیاست جادو ٹونے کے حوالے کر دی گئی‘ خورشید شاہ

230

سکھر(آن لائن)جادو ٹونہ ملک کی سیاست کا نیا ٹرینڈ بن گیا مریم نواز کے بعد پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں سید خورشید احمد شاہ اور سیدہ نفیسہ شاہ نے بھی ملک کی سیاست میں جادو ٹونے کے شامل ہونے کا ذکر کردیا کہتے ہیں کہ اس ملک کی سیاست اور کارواں جادو ٹونے کے حوالے ہیں اس ملک میں جادو ٹونے کے مسائل ہیں جس کا جواب جادو ٹونے والے ہی دے سکتے ہیں۔ سکھرمیں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں نہ کوئی سیاسی نظام ہے اور نہ ہی سیاسی استحکام ہے، حکومت کا آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی کرنا چور کی داڑھی میں تنکے کے مترادف ہے عدالتیں خود کہہ چکی ہیں کہ نیب کوہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہاہے حکومت نے نیب صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اپنے لوگوں،اپنے اے ٹی ایمز کو بھاری بھرکم این آر او دیدیاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا اصل معاملہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی بن چکا ہے عمران خان نے جان بوجھ کر اس معاملے کو متنازع بناکر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی ہے ان کے اس عمل سے دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی ہے ۔اس موقع پر نفیسہ شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خورشید شاہ کا پارلیمنٹ میں ایک اہم کردار ہے، ان کی ضمانت نہ ہونا ملک کے انصاف کے نظام پر بڑا سوال ہے۔