برطانوی رکن پارلیمان چاقو حملے میں ہلاک

547
لندن: برطانوی پولیس نے جائے وقوع کو سیل کردیا ہے‘ چھوٹی تصویر مقتول رکن پارلیمان ڈیوڈ امیز کی ہے

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ میں حکمراں جماعت کے رکن پارلیمان ڈیوڈ امیز چاقو بردار کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد دوران علاج دم توڑ گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق برطانیہ میں بیلفیئرز میتھوڈسٹ کے چرچ میں حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی ڈیوڈ امیز کو ایک حملہ آور نے تیز دھار چاقو کے پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔ 69 سالہ برطانوی رکن پارلیمان کو شدید زخمی ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج انہوں نے دم توڑ دیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے اطلاع ملنے پر مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈیوڈ ایمز پر جس وقت حملہ ہوا اس وقت وہ میتھوڈسٹ چرچ میں اپنے حلقے کے لوگوں سے مل رہے تھے۔ وہ مشرقی برطانیہ کے علاقے ساؤتھ اینڈ کی نمایندگی کررہے تھے۔ ڈیوڈ امیزپہلی بار 1983 ء میں باسلڈن کے علاقے سے رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 1979 ء میں جنوبی حصے کے حلقے سے انتخاب لڑا تھا۔ ڈیوڈ امیزکی بنیادی دلچسپی جانوروں کی فلاح اور زندگی کے تحفظ سے متعلق مسائل تھے۔ یادر ہے کہ برطانوی سیاستدانوں پر اس سے قبل بھی چاقوؤں سے حملے ہو چکے ہیں۔ 2010 ء میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمان پر چاقو سے حملہ ہوا تھا۔ اس وقت وہ اپنے حلقے کے دفتر میں موجود تھے۔