مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج پر حملہ ،2 اہلکار ہلاک،ایک زخمی

213

سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک+ صباح نیوز+ اے پی پی) مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج پر نا معلوم افراد کے حملے میں 2 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں نا معلوم افراد نے بھارتی فوج پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، ہلاک اہلکار میں بھارتی فوج کا آفیسر اور جونیئر کمیشن اہلکار شامل ہے۔ واقعہ کے بعد بھارتی فورسز کی بھاری نفری کو علاقے میں طلب کرکے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات ہے اور کسی کو بھی آنے جانے کی اجازت نہیں ہے۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، قابض بھارتی فورسز نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران سری نگر اور پلواما میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ دونوں کشمیری نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کے دوران شہید کیا گیا،رپورٹ کے مطابق سری نگر اور پلواما کے علاقوں میں قابض بھارتی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ مزید برآںبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں قابض انتظامیہ نے لوگوں کو ایک بار پھر سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔ قابض بھارتی حکام نے تاریخی جامع مسجد کے ارد گرد بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی جاری رکھی اور لوگوں کو مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔اوقاف ملازمین نے مسجد کے دروازے کھولے تو پولیس اہلکاروں نے انہیں تمام دروازے بند کرنے پر مجبور کر دیا اور نمازیوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔