سندھ حکومت کا وزیر اعلیٰ ہاکی گولڈ کپ کرانے کا اعلان

241

کراچی (سید وزیر علی قادری ) کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چمپین شپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں و جنرل مینیجر پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد شاہ کی قومی کھیل کی بحالی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کسی سے پوشیدہ نہیں، وزیراعلی سندھ کے اقدامات کو دیکھتے ہوئے محکمہ کھیل کے تعاون اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے رواں سال ” سی ایم سندھ ہاکی گولڈ کپ” کا انعقاد کیا جائے گا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کا کہنا تھا کہ محکمہ کھیل کی زمہ داری دیتے وقت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پورے صوبے میں کھلاڑیوں کی فلاح بہبود اور کھیلوں کے انفراسٹرکچر کا جال بچھانے کی تلقین کی تھی۔ ہم اپنے چیئرمین کی ہدایت پر مکمل عمل پیرا ہیں، ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کراچی، لاڑکانہ، نواب شاہ، حیدرآباد، سکھر اور میر پور خاص سمیت پورے صوبے میں کھیلوں کا سب سے زیادہ انفراسٹرکچر سندھ میں ہے، ملک میں ہاکی کے لئے سندھ کے علاوہ کوئی دوسرا صوبہ اگے آنے کے لئے تیار نہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جو گزشتہ چار سال سے ہاکی فیڈریشن کو10 کروڑ روپے سالانہ گرائونڈ دے رہا ہے، سی ایم کپ کے انعقاد کے لئے محکمہ کھیل کے ایچ اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا، کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں کی تعداد میں کھلاڑیوں کا انا حیدر حسین کی محنت کا نتیجہ ہے، مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین پورے سال ٹورنامنٹس کرواتے ہیں۔ ان ٹورنامنٹس سے ہی ٹیلنٹ سامنے اتا ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں بچھائے جانے والے انفراسٹرکچر کو قابل تحسین قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ تین کروڑ کی آبادی والے شہر کراچی میں ہاکی آسٹرو ٹرف والے صرف3 گراونڈ ہیں۔