پاکستان پریمیئر فٹ بال، دوسرا مرحلہ راولپنڈی میں شروع ہوگیا

281

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ کا دوسرا مرحلہ میونسپل اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگیا ہے جس کے پہلے میچ میں کے آر ایل اور پاکستان ائرفورس کی ٹیمیں 2-2 گول سے برابر رہیں۔ رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مصدق گھمن میچ کے مہمانان خصوصی تھے۔اس موقع پرپاکستان فٹ بال فیڈریشن کے اراکین کانگریس چوہدری فقیر محمد اور چوہدری محمد سلیم، راولپنڈی ڈسٹر کٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر راجہ اشتیاق احمد، ایبٹ آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عادل خان جدون کے علاوہ شائقین فٹ بال کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ لیگ دوسرے مرحلہ کے پہلے میچ میں کے آر ایل اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیمیں 2-2گول سے برابر رہیں،وقفے تک پاکستان ائرفورس کو کے آر ایل کے خلاف دو گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں کے آر ایل کے دو گول کرکے مقابلہ 2-2 گول برابر کردیا جو مقررہ وقت تک برقرار رہا۔