انٹر کالجیٹ رسہ کشی ٹورنامنٹ ویلز کالج نے جیت لیا

280

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ انٹر کالجیٹ گرلز اینڈ بوائز رسہ کشی ٹورنامنٹ ختم ہوگیا، گرلز کا ٹائٹل ڈی ایچ اے اور بوائز کا ٹائٹل ویلز نے جیت لیا، یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونیوالی اختتامی تقریب میں سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے انعامات تقسیم کیے۔ گرلز کا فائنل ڈی ایچ اے اور ناظم کالج کے درمیان کھیلا گیا جہاں ڈی ایچ اے نے اسٹریٹ سیٹس میں 0-2 سے کامیابی حاصل کی، شیخ زید کالج نے تیسری پوزیشن پر اکتفا کیا جبکہ ٹورنامنٹ میں مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے پر عثمانیہ گرلز کالج کو فیئر پلے ٹرافی انعام میں دی گئی جو کالج کی ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن بتول کاظم نے وصول کی. بوائز کا فائنل ویلز اور نیشنل کالج کے مابین کھیلا گیا جسے ویلز کالج نے باآسانی 0-2 سے جیت لیا، بلدیہ کالج نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین نے اپنے خطاب میں منتظمین کو کامیاب ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر مبارکباد دی بالخصوص کنوینئیر اسپورٹس قاضی نصر اور ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار کی کوششوں کو سراہا انکا کہنا تھا کہ کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ اب رکنے والا نہیں ایس ایس یو ای ٹی طلبہ و طالبات کے لئے ایونٹ منعقد کرتی رہے گی، سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور ریٹائرڈ سید سرفراز علی نے کہا کہ ہماری جامع کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے پاس 12 مختلف کھیلوں کی ٹیمیں موجود ہیں ۔