بجلی،گھی،تیل و دیگر اشیا ریکارڈ مہنگی

746

اسلام آباد( صباح نیوز+آن لائن) ملک میں مہنگائی کا ایک اور طوفان آگیا ہے۔ بجلی ، گھی ، تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا۔ حکومت نے بجلی کی قیمت میں مزید 1روپے 68 پیسے فی یونٹ منظوری دے دی۔بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی ،نیا سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہوگا۔ صارفین پر 110ارب روپے کا اضافے بوجھ ڈال دیا گیا۔ادھر یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں کا اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری ہوگا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 109روپے اور 10لیٹر کین میں 1090 روپے کا ہوشربا اضافہ کیا گیا جس کے بعد ڈالڈا گھی کا 10لیٹر کا کین 2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت میں 475 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد میزان گھی کے 10لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھا کر 3360روپے مقرر کی گئی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463روپے کا اضافہ کیا گیا جب کہ من پسند کوکنگ آئل کی قیمت 465 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد من پسند 5لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل کی قیمت میں 14 سے110 روپے فی لیٹرتک اضافہ ہوگیا۔ کپڑے دھونے کے 2 کلو پاؤڈرکی قیمت میں بھی 10 سے 21 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، باڈی لوشن کی 100 گرام قیمت 20 روپے تک بڑھ گئی ہے۔جوتے چمکانے والی 42 ملی گرام کریم کی قیمت میں 10 روپے ،کپڑوں کے لیے 500 ملی لیٹر لیکوئڈ بلیچ کی قیمت میں 20 روپے اور ایک لیٹر ٹائلٹ کلینرکی قیمت 41 روپے تک بڑھادی گئی۔مختلف برانڈز کے شیمپوز کی 180 ملی لیٹر قیمت میں 4 روپے، نہانے کے صابن کی 60 گرام قیمت میں 15 روپے ، ہینڈ واش کی 228ملی لیٹر قیمت میں 9 روپے ،شربت کی 800 ملی لیٹر بوتل کی قیمت میں 40 روپے اضافہ ہوگیا۔اچارکی 300 گرام قیمت 20 سے 44 روپے تک بڑھا دی گئی ہے ، نوڈلز اور کیڑے مار ادویات ، ڈش واش سمیت متعدد اشیائے ضروریہ بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔ ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورزکا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا اثریوٹیلیٹی اسٹورزپربھی پڑاہے۔ مزید برآں ادارہ شماریات کی ہفتے وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 12.66 فیصد پر پہنچ گئی۔گزشتہ ہفتے ٹماٹر،آلو، گھی، بکرے کا گوشت، ایل پی جی سلنڈر سمیت 22 اشیا مہنگی ہوئیں۔ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 43 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا، گھی کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے فی کلو اضافہ ہوا جبکہ بکرے کے گوشت کی قیمت میں 4 روپے 58 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 10 روپے67 پیسے فی کلو مہنگا ہوگیا جبکہ آلو کی قیمت میں 49 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی کی اوسط قیمت 6 روپے 72 پیسے کمی کے ساتھ 100 روپے 33 پیسے فی کلو پر آگئی۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں نئے گیس کنکشن پر پابندی لگا رہے ہیں، اب کسی وزیر یا سیکرٹری کے آفس میں بیٹھ کر بجلی گھر لگانے کا فیصلہ نہیں ہوگا،سی سی آئی سے طویل مدتی معاہدہ منظور کرلیا ہے۔وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کیے گئے، گردشی قرضوں کا بوجھ عوام اور حکومت برداشت کر رہے ہیں، بجلی گھروں کے کرایوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمیں بجلی گھروں کا کرایہ دینا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ ہمیں ماضی کے مہنگے سودوں کی وجہ سے ٹیرف بڑھانا پڑرہا ہے۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ تمام پروجیکٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں لگائے گئے ہیں، تحریک انصاف نے بجلی کا کوئی معاہدہ نہیں کیا، ہم نے بجلی کی کھپت بڑھانے کے لئے صنعتی پیکج متعارف کروایا، اس سال موسم سرما کے لیے سیزنل ٹیرف متعارف کروایا ہے، ریکوری اور لاسز میں 3سال میں بہتری آئی ہے۔علاوہ ازیں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی ایریا سائٹ میں صنعتوں کوطلب کے مطابق گیس کی فراہمی نہ ہونے اور گیس پریشر مسلسل صفر ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے لیے ایس سی جی سی کو ہدایت جاری کی جائے۔