طاقتور آدمی انصاف نہیں ،این آر او چاہتا ہے،وزیراعظم

272
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کسان پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہطاقتور آدمی انصاف نہیں این آر او چاہتا ہے،چھوٹا کسان باہرپیسہ لے کر نہیں جاتا کیونکہ اسے لندن میں فلیٹ نہیں لینا ہوتا ہے، اسے اپنے ملک ہی میں کاشت کاری کرنی ہوتی ہے۔ کسان پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف نے انصاف کی تحریک چلائی، اللہ تعالیٰ کمزور اور محنت کش طبقے کی آواز خاص طور پر سنتا ہے، چھوٹا آدمی انصاف کی تلاش میں رہتا ہے۔عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن رہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چھوٹا کسان قرضہ لینے جاتا ہے تو اسے بہت سود دینا پڑتا ہے، چھوٹا کسان سب سے زیادہ محنت کرتاہے اور مشکلات کا بھی سامنا کرتا ہے، کسان شوگر ملوں کے باہر لائن میں کھڑے رہتے تھے، گنے کی کم قیمت ملتی تھی، سوچا تھا جب میری باری آئے گی تو کسان کو پورا پیسہ دلاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ50سال بعدپاکستان میں بڑے ڈیمز بن رہے ہیں، دریاؤں میں پانی برسات اور گلیشیئر پگھلنے سے آتا ہے، پانی ذخیرہ کریں گے تو کسان کو پانی دے سکیں گے۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ روپے پر دباؤ عارضی ہے، ہم نے گندم، چینی، گھی درآمد کیا ہے، باہرسے اشیا منگوانے سے مہنگائی درآمد ہوتی ہے، کوشش کررہے ہیں تمام چیزیں ملک میں بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک میں زراعت کو شامل کردیا ہے، آبادی بڑھ رہی ہے اس لیے ہمیں پیداوار بھی بڑھانی ہے۔