‘سندھ میں تجارتی پابندیاں مکمل طور پر ختم’

345

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث دکانوں کے شٹر اب ایک روز بھی  بند نہیں ہونگے، تاجر خصرات کاروبار ہفتہ بھر کھول سکیں گے جبکہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے اب سینما ہال بھی جاسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارش پر حکومتِ سندھ نے بندشیں ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے بیماری کے کم پھیلاؤ اور ویکسی نیشن مہم کے تناظر میں یہ نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور  فیصلے کے مطابق صوبے بھر میں موجود مزارات پر بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والوں کو جانے کی اجازت ہو گی، تاہم ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

خیال رہے  سندھ میں شادی کی اِن ڈور تقریبات میں 300 مہمانوں کو جبکہ آؤٹ ڈور تقریب میں 500 افراد کو شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ریسٹورنٹس اور بازاروں کے اوقات کار برقرار رہیں گے جبکہ سینما ہال رات 1 بجے تک کھولے جا سکیں گے، جہاں صرف ویکسینیٹڈ افراد جا سکیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ کا اپنے نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ بند مقامات پر 300 اور کھلے مقامات پر 1000 افراد کا اجتماع منعقد کیا جا سکے گا، تاہم اجتماعات میں ویکسینیٹڈ افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔

واضح رہے نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں اب امیوزمنٹ پارکس اور سوئمنگ پولز کھولے جا سکتے ہیں اور  جاری کیا گیا یہ نوٹیفکیشن 31 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گا۔