حرم مکی میں زائرین کی تعداد میں اضافہ، تیاریاں مکمل

439

مسجدالحرام کی انتظامیہ نے ہفتہ وار تعطیل کے دوران زائرین کے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاریاں مکمل کر ‏لی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق مملکت کے تمام اسکولوں میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ سے پیر تک ہو گی اور ان چھٹیوں کے ‏دنوں میں زائرین کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔

حرم مکی کی انتظامیہ نے زائرین کی تعداد میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی انتظامات کر لیے ہیں۔ ‏

مسجدالحرام میں زائرین کی اضافی تعداد کو دیکھتے ہوئے مصلے بڑھا دیے گئے ہیں۔ مطاف اور مسعی میں بھی ‏اضافے ٹریک کھول دیے ہیں جب کہ صفائی کے عملے کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔

زائرین کی خدمات پر 500 اضافی کارکنوں کو مامور کیا گیا ہے اور درپیش تمام ضروری اقدامات کو حتمی شکل ‏دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مملکت میں کورونا وبا کی صورتحال قابو میں ہونے پر وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام میں ‏‏یومیہ عمرہ ادا کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ کر بڑھا دی ہے۔

وزارت نے روزانہ عمرہ ادا کرنے والوں کی تعداد اور نمازیوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ‏ہے۔ اس اضافے کے ساتھ ‏‏روزانہ ایک لاکھ افراد عمرہ ادا کرسکیں گے جب کہ نمازیوں کی تعداد 60 ہزار تک بڑھا دی ‏گئی ہے۔