ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں 2 دن ، پاکستانی ٹیم دبئی پہنچ

702

لاہور (سید وزیر علی قادری) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف 2 دن باقی رہ گئے، قومی ٹیم میگا ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے آج جمعہ کو متحدہ عرب امارات پہنچ کر قرنطینہ میں چلی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے جمعہ 15اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کیلیے روانہ ہوگی، قومی اسکواڈ کی صبح روانگی شیڈول ہے۔قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز آرام کیا تھا، روانگی سے قبل ٹیم نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کی۔ یو اے ای پہنچنے کے بعد ٹیم قرنطینہ میں چلی جائے گی ۔ قرنطینہ کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد ٹیم ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا سے وارم اپ میچز کھیلے گی۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف جیت حاصل کرکے میگا ایونٹ میں مومنٹم برقرار رکھیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے۔یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کاپہلا میچ24اکتوبر کو پاکستان ٹیم کا مقابلہ بھارتی ٹیم سے ہوگا۔ کھلاڑیوں نے الوداعی پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بہترین کھیل پیش کرکے عالمی ورلڈ کپ جیت وطن واپس لوٹیں گے۔دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں 2 دن باقی رہ گئے ہیں،17اکتوبر سے ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔پہلے مرحلے میں 8ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، 17 اکتوبر کو گروپ میچز کا پہلا میچ عمان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فاتح ٹیم کو 16لاکھ ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 8 لاکھ جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں چار چار لاکھ ڈالرز کی حقدار ٹھہریں گی۔ٹیموں کے گروپ میچز جیتنے کی رقم علیحدہ ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ جیتتی ہے تو وہ32کروڑ روپے کمالے گی۔