تائیوان: عمارت میں آتش زدگی سے 46افراد ہلاک

387
تائی پے : تائیوان میں 13منزلہ عمارت میں آتش زدگی کے بعد تباہی کے مناظر

تائی پیے (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی تائیوان میں 13منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ نے مکینوں پر قیامت ڈھا دی،جس کے نتیجے میں 46افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ جنوبی تائیوان کے شہر کاؤ سینگ میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت میں پیش آیا،جس کے بعد آگ بجھانے والے عملے نے آگ پر کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پایا۔ فائر بریگیڈ محکمے نے آتش زدگی کوانتہائی خوفناک قرار دیا ہے۔ آگ سے 13منزلہ عمارت کی کئی درمیانی منزلیں پوری طرح جل گئیں، جس کے بعد صرف ان کا تعمیراتی ڈھانچہ ہی باقی بچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ 55دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ آگ نے عمات کی ساتویں سے لے کر گیارہویں منزل تک موجود تمام انسانوں کو جلا کر راکھ کر دیا۔ مرنے والے کئی افراد عمر رسیدہ تھے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کئی منزلوں کے دھاتی فریم پگھل گئے۔