حادثات و واقعات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق

232

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات و واقعات میں ڈاکو اور خواتین سمیت7افراد جاں بحق اور2زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی تھانے کی حدود مسلم ٹاؤن سیکٹر 11ای مکان نمبر 1252 اسکول کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 55سالہ توقیر احمد ولد آفتاب جاںبحق ہوگیا ،مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے سپر د کردیاگیا ۔شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 15اکبر ریذیڈینسی فلیٹ نمبر 103بی سے 60سالہ تابندہ نرگس زوجہ احمد صدیقی کی لاش ملی ، متوفیہ سیٹرھیوں سے پیر سلپ ہوکر گرنے سے جاںبحق ہوئیں ۔ میمن گوٹھ تھانے کی حدود رمضان چورنگی کیٹل کالونی سے 14سالہ قوالی ولد منیر خان کی پھندا لگی لاش ملی۔ کورنگی مہران ٹاؤن کے دراز ویئرہاؤس کے قریب ایک گھر سے 28 سالہ روبن ولدانورکی لاش ملی جس کی موت گلے میں پڑے پھندے کی وجہ سے ہوئی تھی۔روبن کے اہل خانہ کے مطابق اس نے گھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کی تاہم پولیس واقعہ کی ہرپہلو سے تفتیش کررہی ہے۔ نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی زاہد سوئٹس کے قریب ٹریفک حادثے میں 22سالہ نامعلوم نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔کلفٹن ضیاء الدین چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے کے دوران 50سالہ رشیدہ زوجہ غلام بخش نامی خاتون جاں بحق ہوگئی ۔ دوسری جانب تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد پیالہ ہوٹل پیپلز چورنگی کے قریب ڈاکو اور شہر ی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اورشہری کی فائرنگ سے موقع پر 35سالہ ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا ،ڈاکو کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل،30بور پستول اور چھینا گیا سامان برآمد ہوا ،علاوہ ازیں خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 04 بلال مسجد ڈبلیو 9اسٹاپ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 30سالہ عبدالرحمن ولد فیض محمد زخمی ہوگیا ۔ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود لانڈھی قذافی ٹاؤن گلی نمبر11 کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 25سالہ سہیل ولد محمد نواز زخمی ہوگیا ۔