گورنر سے ایران کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ملاقات

149

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایران کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے 9 رکنی وفد نے احمد امیر آبادی فرحانی کی صدارت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوستانہ تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطے کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی وابستگیوں نے دونوں ممالک کو مزید قریب کر دیا ہے۔ گورنر سندھ نے وفد کے دورے کو دو برادر ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے حصول کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ ،پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے اور تجارتی حجم بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور توانائی میں تعاون کے حوالے سے ایران سے پاکستان تک گیس پائپ لائن کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا۔ احمد امیر آبادی فرحانی نے آنے والے وفد کے شاندار استقبال پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ریاستوں کے درمیان باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ترقی کے لیے ضروری ہے۔