ہر آٹھ میں سے ایک خاتون چھاتی کے سرطان کا شکار ہے،ماہرین

118

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ہر آٹھ میں سے ایک خاتون چھاتی کے سرطان کا شکار ہورہی ہے، جس پر فوری طور پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی میں جمعرات کے روز چھاتی کے کینسر کے حوالے سے پنک ربن ڈے کے موقع پر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تقریب میں موجود خواتین اساتذہ اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کی ڈاکٹر سحرش فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان کے بہت زیادہ مریض ہیںاس کی وجہ عورتوںکا اس مرض پر کھل کر بات نہ کرناہے۔ ڈاکٹر سحرش فاطمہ نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔یہ مرض بغیر کسی جنس اور طبقہ کے ہر کسی کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے، خاص کر چالیس سال سے زائد خواتین کو سال میں ایک دفعہ میموگرافی کرانی چاہیے۔ یہ تمام تر ذمے داری آپ پر عائد ہوتی ہے کہ آپ اپنا خیال خود کریں۔