کراچی کی ساحلی پٹی کو سی پیک کا حصہ بنانا خوش آئندہے، فرازالرحمن

434

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور کے بی جی کے صدر فراز الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کی ساحلی پٹی کو سی پیک منصوبے میں شامل کرنے کا اقدام خوش آئندہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ترقی سے شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، امید کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ کراچی کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں بھی فائدہ مند رہے گا۔ اپنے ایک بیان میں فراز الرحمٰن نے کراچی کوسٹل زون کو اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کوسٹل کمپری ہنسیو ڈویلپمنٹ زون (کے سی سی ڈی زیڈ) کا منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق چین 3.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ، کراچی بندرگاہ میں نئی برتھ کی تعمیر، نئی ماہی گیری بندرگاہ اور مغربی بیک واٹر پر 640 ہیکٹر تجارتی زون منصوبے کا حصہ ہیں۔فراز الرحمٰن نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی دنیا کی سر فہرست بندرگاہوں میں شامل ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سی فوڈز صنعت سے وابستہ افراد کراچی کی ساحلی پٹی کو سی پیک منصوبے میں شامل کرنے پر خوش ہیں، شہر کے انفرااسٹرکچر سمیت کئی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔