افغانستان سے داعش کا صفایا کر دیں گے، ذبیح اللہ مجاہد

321

کابل: افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہم تہیہ کر چکے ہیں کہ افغانستان سے داعش کا صفایا کردیں گے۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان میں داعش زیادہ تعداد میں موجود نہیں، داعش طالبان کے لیے کوئی بڑا مسئلہ نہیں، طالبان افواج داعش کی جڑوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ دنوں داعش سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا، داعش کے متعدد محفوظ ٹھکانوں کو مسمار کیا، بروقت کارروائی کے ذریعے داعش کے کئی حملوں کو روکا ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ منجمد اثاثوں پر امریکا سے مذاکرات کر رہے ہیں، دوسرے ممالک اور بین الاقوامی بینکوں سے بات چیت کر رہے ہیں، یہ رقوم افغان عوام کی امانت ہیں جن کو جاری کیا جانا چاہیے، معاشی مسائل کے حل کے لیے یہ رقوم اہمیت کی حامل ہیں۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شرعی احکامات کے تحت خواتین کے حقوق کی حرمت کا خیال رکھیں گے، ہم یہ بچیوں کے  اسکول جانے کے خلاف نہیں۔