سچی اور جھوٹی خبر میں فرق کرنا دشوار ہوگیا ہے، فوادچوہدری

494

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے خبر کا ملنا مشکل ہوتا تھا لیکن اب سچی اور جھوٹی خبر میں فرق کرنا دشوار ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ادوار میں خبر کا ملنا مشکل تھا تاہم اب سچی اور جھوٹی خبر کا فرق مشکل ہے۔ خبر کو پھیلانے کے بہت سے ذرائع ہوگئے ہیں اور خبر دینے والوں کی صحیح تربیت ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے تو اصل اور جعلی کی تمیز کرنا مشکل ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا ونگ کسی بھی عالمی ادارے کے برابر ہے۔

اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ فیک نیوز کے حوالے سے میڈیا کے اندرمباحثہ ضروری ہے اورفیک نیوز کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک قانون سازی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ لاہور میں مینار پاکستان واقعہ کے بعد دنیا میں پاکستان کے خلاف غلط تاثر پھیلایا گیا اورپڑوسی ملک کے میڈیا نے مینار پاکستان واقعے کے بعد پاکستانی معاشرے پربیجا تنقید کی۔