قومی ٹیم ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کیلیے کل صبح روانہ ہوگی

378

لاہور (سید وزیر علی قادری) قومی کرکٹ ٹیم کل صبح 11 بجے لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکتِ کے لیے دبئی روانہ ہوگی۔

 اس سے قبل ٹیم ہوٹل سے صبحِ 7 بجے ایئرپورٹ سے نکل جائے گی تاہم آج  ہونے والے سینیریو میچ جو 6 بجے شیڈول تھا اس کو ختم کر دیا گیا ہے۔

 شام 5 بجے قومی کرکٹ ٹیم پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی جو 2 گھنٹے قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں 3 دن باقی رہ گئے ہیں،17اکتوبر سے ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔پہلے مرحلے میں 8ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، 17 اکتوبر کو گروپ میچز کا پہلا میچ اومان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فاتح ٹیم کو 16لاکھ ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 8 لاکھ جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں چار چار لاکھ ڈالرز کی حقدار ٹھہریں گی۔ٹیموں کے گروپ میچز جیتنے کی رقم علیحدہ ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ جیتتی ہے تو وہ 32 کروڑ روپے کمالے گی۔