ناروے کی مارکیٹ میں تیر کمان سے حملہ، 5 افراد ہلاک

321

اوسلو: ناروے میں سپر مارکیٹ پر ملزم نے تیر کمان سے لوگوں پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ناروے کے قصبے کونگسبرگ میں حملہ آور سپر مارکیٹ میں داخل ہوا اور وہاں سے لوگوں پر تیر اندازی شروع کردی، ملزم دکانوں اور سڑکوں پر موجود افراد پر تیر برساتا رہا، جس سے لوگ گرتے رہے، اس دوران حملہ آور اپنی جگہ بھی بدلتا رہا، اور اس نے آدھے گھنٹے تک تیروں سے لوگوں پر حملے جاری رکھے، جس سے علاقے میں خوف و ہرواس اور بھگدڑ کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

حملے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری مارکیٹ پہنچ گئی، اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ہیلی کاپٹر اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا، اس دوران مسلح اہلکاروں نے مارکیٹ میں داخل ہوکر حملہ آور کو گرفتار کرلیا، جس کے پاس سے تیر اور کمان برآمد ہوئی ہے۔