ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، اسلام آباد میں 61 مریض متاثر

424

اسلام آباد: ڈینگی مچھروں کے وار میں تیزی آگئی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 61 اور خیبرپختونخوا میں198نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں ہی  ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1403 تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں ڈینگی مچھر تیزی سے پھیلنے لگا ہے، ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو نے لگا ہے، گذشتہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد میں 61 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے، اسلام آباد میں اس وقت ڈینگی سے متاثرہ افرا د 1403 ہو گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق  اسلام آباد میں اب تک ڈینگی کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور گذشتہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 42 کیسز سامنے آئے، جس کے بعد اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں مجموعی طور پر 937 افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔

 گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 19  نئے کیسزرپورٹ ہوئے، اسلام آباد کے شہری علاقوں میں اب تک کل 466 افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ڈی ایچ او کے مطابق رواں سیزن کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 420 کیسز ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں لائے گئے، بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں 92، ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی میں21، پمز میں 62، پولی کلینک  میں 68 ، فیڈرل جنرل اسپتال میں174 اور سی ڈی اے اسپتال میں ڈینگی کے 25 مریض لائے گئے ہیں ۔

ڈی ایچ او کے مطابق جڑواں شہروں کے نجی ہسپتالوں و لیبارٹریز میں بھی اسلام آباد کے  450 سے زائد مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ہے۔

دوسری جانب 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 198 مریض سامنے آئے جبکہ لاہور اور گردونواح میں ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

خیال رہے  کراچی کا ضلع وسطی ڈینگی کا گڑھ بن گیا ہے جہاں  اب تک ایک سال کے بچوں سے لے کر 65 سال کے 66 افراد بھی ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں،  محکمہ صحت نے کراچی کے 46 علاقوں کو ڈینگی کے ہاٹ اسپاٹ قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے ملک میں کورونا کے بعد ڈینگی کے کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئےنیشنل ہیلتھ ادارے نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام ڈی ایچ اوز کو ہنگامی بنیاد پر اپنے علاقوں میں اسپرے کروانے کا کہا ہے ۔

شہر قائد میں بھی ڈینگی وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

کمشنر کراچی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ڈینگی سے بچاؤ کے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کریں، اس حوالے سے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت اور بلدیہ عظمیٰ دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سےمربوط اقدامات اٹھائے۔

کمشنر کراچی نے واضح طور پر لکھے گئے خط میں کہا ہےکہ ٹائر شاپس، تعمیراتی مقامات ، سوئمنگ پولز، نرسریز اور دیگر ڈینگی مچھر کے بریڈنگ مقامات پر خصوصی طور پہ اسپرے بھی کیا جائے۔

یاد رہے مون سون سیزن کے بعد پانی جمع ہونے کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے، انہی مچھروں میں سے ایک خاص نسل کے پیدا شدہ مچھر کے کاٹنے سے دینگی بخار پھیلتا ہے جو بروقت تشخیص نہ ہونے اور علاج میں تاخیر کی وجہ سے جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔