معذور افراد کے وفد کی حافظ ارمان احمد چوہان سے ملاقات

290

حیدرآباد(اسٹاف رپروٹر)جمعیت علما اسلام س ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری حافظ ارمان احمد چوہان سے معذور افراد کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں انہوں نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے معذور افراد کے پرانے سرٹیفکیٹ لیکر نئے معذور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان ہوا تھا پانچ ماہ گزرنے کے بعد معذورین کا فزیکل ٹیسٹ کرنے کیلیے کیمپ لگایا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں معذور خواتین بچوں اور جوانوں کو بلایا گیا مگر بداخلاق عملے کی جانب سے معذور خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ مسلسل بدتمیزی کی جاتی رہی اور جب ڈاکٹرز نے چیک اپ شروع کیے تو کہا کہ حیدرآباد کے اسپتال کے بجائے نوابشاہ شہر کے اسپتال سے ٹیسٹ کروایا جائے۔ اس موقع پر حافظ ارمان احمد چوہان نے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے جبکہ یہاں پر قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد کے ٹیسٹ کرنے والی مشینری گزشتہ پانچ سال سے خراب ہے مریضوں کو نوابشاہ بھیجا جاتا ہے ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے بداخلاق عملے کو اخلاقیات سیکھائی جائے اور قوت گویائی و سماعت سے محروم افراد کے ٹیسٹ کی سہولت نوابشاہ کے بجائے حیدرآباد کے اسپتالوں میں فراہم کی جائے تاکہ معذور خواتین بچے اور جوان افراد کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔