نبی رحمت ﷺ کی تشریف آوری پوری کائنات کیلیے رحمت ہے ، علما کرام

244

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) مذہبی و سماجی شخصیت الحاج گلشن الٰہی نے کہاکہ نبی رحمت ﷺ کی بعثت و تشریف آوری پوری کائنات کیلیے باعث رحمت ہے۔ آپ ﷺ رحمت و شفقت انسانیت کیلیے رب کائنات کا عطیہ خاص ہے۔ آج لادنیت ، بے حیائی، عریانی، بد اخلاقی ، سود کی لعنت نے ہمارے معاشرے کو جکڑ چکی ہے۔ لہٰذا موجودہ دور میں مثالی معاشرے کی تشکیل اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب محسن انسانیت نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات اور آقا ﷺکی سیرت طیبہ کو راہ عمل بنایا جائے، اس کی پیروی کی جائے ۔ اس میں انسانیت کی نجات، اس کی فلاح اور کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ نورانیہ حیدرآباد کے تحت مقامی ہال میں جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سالانہ جلسہ میلاد برائے خواتین سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے خطاب میں مزید کہا کہ مدارس سے بڑھ کر کوئی این جی او نہیں جو خدمات مدارس انجام دے رہے ہیںَ دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی جس انداز میں مدارس لوگوں کو مفت تعلیم اور تربیت فراہم کر رہے ہیں اور لوگوں کو دین اسلام کی طرف راغب کر رہے ہیں۔ یہ انہیں کا خاصہ ہے۔ رحمت اللعالمین کے میلاد کے مہینے میں ان کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے ان کے بلند کردار کے سبب مسلمانوں نے دنیائے عالم پر حکمرانی کی افسوس قوم اب قرآن اور صاحب قرآن سے دور ہو رہی ہے یہ ہماری ناکامی و تنزلی کا سبب ہیں۔ مولانا حافظ مقبول حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی رحمت ﷺ کو تمام عالم کیلیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ آپ کی ولادت با سعادت نہ صرف مسلمانوں کیلیے باعث مسرت و رحمت اور برکت ہے بلکہ پوری انسانیت کیلیے احترام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ﷺ آئے تو جہالت کا خاتمہ ہوا اور تاریکیوں کی جگہ آپ ﷺ کے چہرہ انور سے چمکنے والا نور کا ایسا اجالا پھیلا کہ ہر طرف روشنیاں پھیل گئی۔ میرے رب کا یہ بڑا احسان ہے کہ وہ کسی کو دولت و ثروت سے عطا کرتا ہے اور کسی کو حکومت دے اس کایہ فرض ہے کہ وہ اپنی عوام کے خیرخواہی کرے جس حاکم وقت نے اپنی حکمرانی کا حق ادا کیا اس کو بڑی عظمت ملی لیکن افسوس آج کے حکمران جس ریاست مدینہ کے دعویدار ہیں لیکن یہ کیسی ریاست مدینہ ہے کہ عوام سے اس کے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ۔ آج پوری قوم عزیت میں مبتلا ہے اشیا صرف کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ عدالتوں میں انصاف کے حصول کیلیے دربدر ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں مگر تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف کا حصول آج بھی عوام کیلیے ایک خواب ہے عام آدمی کو زندگی گزارنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔لہٰذا وطن عزیز میں نظام مصطفی کے نفاذ اور مقام مصطفی کو تحفظ ہو۔ یہی میلاد کا تقاضا ہے۔ میلاد جلسے سے محمد ابراہیم شیخ، محمد شاکر رضانے بھی خطاب کیا جبکہ میلاد جلسہ میں سید اشرف علی رضوی ، سید منیر حیدر ، طاہر احمد راجپوت، حکیم محمد یونس، حافظ محمد طاہراور محمد ثاقب نورانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔