پیغام یونین کا ملازمین کے جبری تبادلے کیخلاف احتجاج

298

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان واپڈا پیغام یونین فیڈریشن سندھ کی جانب سے حیسکو چیف کی انتقامی کارروائیوں کے تحت ملازمین کے جبری تبادلے اور محکمے میں کرپشن کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر پیغام یونین سندھ کے چیئرمین محمد عثمان جونیجو، انیس احمد خان، جاوید اقبال ناگوری ودیگر نے کہاکہ حیسکو چیف پیغام یونین کے رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں ان کے جبری تبادلے کیے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جب سے پیغام یونین فیڈریشن نے حیسکو میں کرپشن اور اپنا نوازی اور بڑے پیمانے پر رشوت کے عوض ملازمتیں دینے کے انکشافات کیے ہیں اس کے خلاف کارروائیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ رشوت کے عوض من پسند کچے ملازمین کو پکا کیاجارہاہے رشوت کا بازار گرم ہے پیغام یونین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ ہائیڈرو یونین حیسکو چیف کی بی ٹیم بنی ہوئی ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جبری تبادلوں کا سلسلہ بند کرکے پیغام یونین کے پوسٹنگ کیے گئے عہدیداران وکارکنان کو واپس لایاجائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے گا۔