قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

346

 

ہم نے کہا کہ، ’’تم سب یہاں سے اتر جاؤ پھر جو میری طرف سے کوئی ہدایت تمہارے پاس پہنچے، تو جو لوگ میر ی ہدایت کی پیروی کریں گے، ان کے لیے کسی خوف اور رنج کا موقع نہ ہوگا۔ اور جو اس کو قبول کرنے سے انکار کریں گے اور ہماری آیات کو جھٹلائیں گے، وہ آگ میں جانے والے لوگ ہیں، جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے‘‘۔ اے بنی اسرائیل! ذرا خیال کرو میری اس نعمت کا جو میں نے تم کو عطا کی تھی، میرے ساتھ تمھارا جو عہد تھا اْسے تم پورا کرو، تو میرا جو عہد تمہارے ساتھ تھا اْسے میں پورا کروں گا اور مجھ ہی سے تم ڈرو۔ (سورۃ البقرۃ:38تا40)

سیدنا جابرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہؐ نے ارشاد فرمایا کہ تین باتیں اگر کسی شخص کے اندر پائی جائیں تو اللہ تعالیٰ اس شخص کو قیامت کے دن اپنی حفاظت میں لے گا اور اسے جنت میں داخل کرے گا۔ 1 کمزوروں کے ساتھ نرمی کا برتائو۔ 2 والدین کے ساتھ شفقت ومحبت۔ 3 غلاموں کے ساتھ اچھا سلوک اور تین صفتیں ایسی ہیں جس شخص میں پائی جائیں گی اللہ اس کو اپنے عرش کے سایہ میں جگہ دے گا اس دن جب اس کے سائے کے سوا کوئی سایہ نہ ہوگا۔ 1 ایسی حالت میں وضو کرے جب کے وضو کرنے کو طبیعت نہ چاہے (سخت سردی کے دنوں میں) 2 تاریک راستوں میں مسجد کو جانا (نماز باجماعت کے لیے) 3 بھوکے آدمی کوکھانا کھلانا (ترغیب و ترہیب)