“ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ جلد حل کرلیں گے”

357

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ جلد حل کرلیں گے، نوٹیفکیشن کے معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے ،ہم سب ایک پیج پر ہیں جلد معاملہ حل کر لیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے متعدد ایجنڈہ آئٹمز کی منظوری دیتے  ہوئے احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کےلئے اسپیشل رائٹس فورس کے قیام کی منظوری دید ی ہے جبکہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی ہے۔

کابینہ نے سی پیک کیٹیگری کے ویزہ میں اتھارٹی کو بطور اہم اسٹیک ہولڈر شامل کرنے اور افغان شہریوں کی پاکستان آمد کے لیے ویزہ فیس میں کمی کی منظوری بھی دی ہے اورسمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاورآ ف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹومیشن نظام متعارف کرانے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں کابینہ کو زرعی شعبوں میں اجارہ داری کے خاتمے اورپیداواربڑھانے کے لیے جدید طریقہ کارپربریفنگ دی گئی، کے ٹو ائیرویز کے ڈومیسٹک لائسنس کی تجدید اور سیال ائیر ویز لیمٹڈ کے ڈومیسٹک و انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کی منظوری دی۔