تخیل ادبی فورم کے تحت صدف فریدی اورعقیل قریشی کے لیے تعزیتی ریفرنس

403

تخیل ادبی فورم سعودی عرب کے زیر اہتمام فورم کے سینئر شاعر مرحوم صدف فریدی اور بانی بزمِ یارانِ ریاض عقیل قریشی مرحوم کی یاد میں ریاض کے مقامی ہوٹل میں تعزیتی ریفرنس اور مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریاض شہر سے مختلف مکاتب فکر اور جماعتوں کے نمائندوں سمیت شعرا نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت شہباز صادق کو حاصل ہوئی۔ ہدیہ نعت رسول مقبولﷺ صحافی عابد شمعون چاند نے پیش کیا۔ تخیل ادبی فورم کے روح رواں معروف شاعر راشد محمود نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حافظ عبدالوحید نے کہا کہ آج ہم ان دونوں ساتھیوں کے لیے یقیناً سوگوار ہیں۔ صدف فریدی مرحوم فنِ شاعری میں اپنی مثال آپ تھے جبکہ عقیل قریشی مرحوم ایک زندہ دل انسان اور فنِ موسیقی میں مہارت رکھتے تھے۔
پروفیسر اعجاز بیگ نے اپنے صدارتی خطبے میں دونوں مرحوم شخصیات کی یاد میں ناقابل فراموش مکالہ پیش کیا، جس سے حاضرین کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ تخیل ادبی فورم کے سرپرست اعلیٰ معروف شاعر منصور محبوب چودھری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف فریدی مرحوم نے اپنی مخصوص شاعری سے اُردو کو رونق بخشی۔ تخیل ادبی فورم کے صدر صابر امانی نے کہا کہ صدف فریدی اورعقیل قریشی کی گرانقدر خدمات ادبی دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ تقریب سے سلیم کاوش، محسن رضا سمر، فیصل اکرم گیلانی، منظرہمدانی، سید عاطف علی، یاسر یونس، منیب فیاض ، کامران ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیاآخر میں مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔