پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا بھارت کی مایوسی کا منہ بولتا ثبوت ہے،آرمی چیف

261
دشمن پروپیگنڈے سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاسکتا ہے، آرمی چیف

اسلام آباد/راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک/ صباح نیوز)آرمی چیف کا کہناہے کہ پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا بھارت کی مایوسی کامنہ بولتا ثبوت ہے‘ بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد اپنے اندرونی تنازعات اور مقبوضہ کشمیر میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں علاقائی سیکورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں شرکا نے پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو عدم استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی سازشیں ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے غیر ملکی افواج کے ساتھ تعاون اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں صلاحیتوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔ کور کمانڈرز نے افغانستان میں سلامتی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے‘ افغانستان کے ساتھ عالمی تعاون خطے کے مفاد میں ہے۔ علاوہ ازیںکمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ،چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا اورپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے الگ الگ ملاقات کیں، ملاقات کے دوران پاک سعودی افواج میں تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہناتھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، دوستانہ اور گہرے تعلقات ہیں‘ دونوں ممالک نے تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا ہے ۔