نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کون؟ پیشہ وارانہ زندگی پر ایک نظر

484

راولپنڈی: پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تبادلہ کردیا گیا ہے، اور ان کی جگہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کون ہیں، اور انہوں نے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کہاں کہاں خدمات سرانجام دی ہیں،ا س حوالےسے آئی ایس پی آر نے تفصیلات جاری کردی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کئے گئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا تعلق 78 ویں لانگ کورس سے ہے، انہوں نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، وہ کمبائنڈ آرمز سینٹر برطانیہ ، اسٹاف کالج کوئٹہ ، ایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ ، این ڈی یو اسلام آباد ،اے پی سی ایس ایس امریکا اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں جب کہ کنگز کالج لندن اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے ماسٹر کی ڈگری رکھتے ہیں۔

انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران جنوبی وزیرستان ایجنسی، کرم ایجنسی اور ہنگو میں ایک انفنٹری بریگیڈ کی قیادت کی جبکہ آپریشن ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم باسکٹ بال اور کرکٹ شوق سے کھیلتے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کئے جانے سے پہلے کور کمانڈر کراچی کے عہدے پر فائز تھے۔