پنجاب کے بعد سندھ میں ڈینگی وائرس کے مصدقہ کیسز

285

لاہور: اسلام آباد میں مزید 44 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 571 ہوگئی جبکہ پنجاب کے بعد سندھ میں بھی ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک بار پھر ڈینگی بخار نے سر اُٹھا لیا ہے، ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے سیکڑوں  کیسز سامنے آچکے ہیں جن کی تعداد زیادہ تر پنجاب میں پائی جا رہی ہے، پنجاب کےپی کے کے بعد اب  ڈینگی کیسز سندھ میں بھی داخل ہوگئے  ہیں جبکہ قابو پانے کے لیے ملک بھر کے عوام کا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

 اسلام آباد میں مزید 44 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ملتان کے نشتر اسپتال میں بھی ڈینگی کے 10نئے مریض زیر علاج ہیں اور پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بھی 9 مریض اس وقت داخل ہیں۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ 340 بیڈز پر مشتمل ڈینگی اسپتال جلد قائم کردیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ میں 24 گھنٹوں میں 27 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ابھی تک ہلاکتوں کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں جبکہ سندھ میں کورونا کے بعد ڈینگی اور اس کے ساتھ ملیریا نے بھی شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ڈینگی کا لاروا صاف پانی میں پرورش پاتا ہے، بیماری سے بچنے کے لئے شہری اپنے گھر اور گھر کے باہر پانی مت کھڑا ہونے دیں اور احتیاط کریں۔