یوم الوطنی میں پاکستانیوں کا جوش و خروش سعودی عرب سے محبت کا ثبوت ہے‘ خالد مجید

257

قومی یکجہتی فورم جدہ کے زیر اہتمام سعودی یوم الوطنی پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت فورم کے کنونیئر سردار اقبال یوسف نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی قونصل جنرل خالد مجید، قونصل جنرل گبون ڈاکٹر عبداللہ اور سابقہ ڈیفنس اتاشی جنرل (ر) عبداللہ الغامدی تھے۔ تقریب میں پاکستانی نژاد سعودی گلوکارہ نورالماس نے ملی نغمہ دل دل پاکستان گا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ پاکستانی گلوکار نعیم سندھی نے اردو اور عربی ملی نغمے اورجدہ کے سابق کرکٹر فخرعدنان نے بھی اپنے فن کا اظہار کرتے ہوئے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر سعودی کلچر گروپ نے تلواروں کے ساتھ رقص پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی فورم مبارکباد کا مستحق ہے کہ انہوں نے پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا،جہاں پاکستانیوں کا والہانہ اظہار محبت ثبوت ہے کہ پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ فورم کے کنونیئر سردار اقبال یوسف نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔جنرل ( ر ) عبداللہ الغامدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزارے گئے زندگی کے
13 سال خوبصورت یادوں کا سرمایہ ہیں۔ پاکستان دفاعی اعتبار سے مسلم اُمہ میں مضبوط ملک ہے۔ دیگر مقررین میں قونصل جنرل گبون ڈاکٹر فیض العابدین، شیخ احمد فاروقی، ملک منظور حسین اعوان، رانا اشرف، قاری رفیع اللہ، عقیل آرائیں، مفتی عُزیر بھٹہ، ملک شمس الطاف، حافظ عبدالماجد، اعجاز بشیر، نوشیروان خٹک، خورشید متیال، چودھری خالد رشید نے خصوصی شرکت کی ۔ آخر میں یوم الوطنی کا کیک کاٹا گیا اور دونوں برادر ممالک کی خوشحالی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی۔