جلد یا بدیر امریکا کو طالبان کو تسلیم کرنا پڑے گا، وزیر اعظم

241

اسلام آباد: وزےراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا کو جلد یا بدیر طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا پڑے گا اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے، امریکا، یورپ، چین اور روس بھی طالبان کی حکومت تسلیم کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، ہمساؤں کی مشاورت سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  افغانستان نے کبھی بیرونی طاقتوں کو قبول نہیں کیا دہشت گردی کے خلاف ہم نے بے پناہ قربانیاں دیں پھر بھی ہماری تعریف کرنے کے بجائے ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ  ہم طالبان حکومت کی پشت پناہی نہیں کر رہے، ٹی ٹی پی کے ذریعے چینی ورکرز پر حملے کروائے گئے، ٹی ٹی پی کی را اور افغان انٹیلی جنس نے مدد کی، ٹی ٹی پی کے کچھ لوگوں سے رابطے میں ہیں، اگر ہتھیار ڈال دیں تومعاف کر دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم خوفزدہ تھے کہ کابل پر قبضہ کرتے وقت وہاں خونریزی ہو گی لیکن غیر متوقع طور پر اختیارات کا بہت پرامن انتقال ہوا،امریکا طالبان کی حکومت آنے کے بعد تذبذب کا شکار ہے اور وہ قربانی کے بکرے کی تلاش میں لگے ہوئے ہیں۔