حکومت سندھ کے تمام ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، صادق میمن

169

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے ممکنہ بارشوں کے متاثرین کے لئے موثر اقدامات کئے گئے جا رہے ہیں، کسی بھی متاثر کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا، باالخصوص ساحلی علاقوں کیٹی بندر، شاہ بندر، کھارو چھان، جاتی و دیگر گرد و نواح کے علاقوں کے لئے چلنے والی خبروں پر توجہ نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے تمام متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور میں نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ساحلی علاقوں کا دورہ کرکے بارش کے پانی اور نہروں کے بندوں کا معائنہ کیا ہے اور کوئی بھی خطرے کی بات نہیں ہے جبکہ سمندری طوفان گلاب کا زور ٹوٹ چکا ہے۔

ان باتوں کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس ٹھٹھہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں کمشنر حیدر آباد غلام عباس بلوچ، رکن سندھ اسمبلی سید ریاض حسین شاہ شیرازی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کبھی بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ان کے دکھ سکھ میں ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے لئے باالخصوص ساحلی علاقوں کے لوکوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

کمشنر حیدر آباد غلام عباس بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صورتحال سے عہدہ براہ ہونے کے لئے انتظامات سے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن کو آگاہ کیا اور بتایا کہ صورتحال قابو میں ہے اور خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بارش کا پانی ٹھٹھہ شہر کے نشیبی علاقوں سے نکل چکا ہے جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، آبپاشی کے جانب سے مشینری سمیت تمام تیاریاں مکمل ہیں اگر بارشوں کے باعث پانی جمع ہو گیا تو جلد نکالا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے بتایا کہ متعلقہ افسران تمام تر صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ ہیں جبکہ منتخب نمائندے بھی دن رات مدد کے لئے افسران کے ساتھ ہیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ قبل از اقدامات کے باعث صورتحال کنٹرول میں ہے، اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔