کراچی بھتہ خور لینڈ گریبرز کا شہر بن گیا،تاجر اتحاد

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں بھتہ ایک نئی شکل میں سامنے آگیا، فون کالز پر ہراساں کرکے بھتہ طلبی میں کمی، اب لینڈ گریبنگ کے زریعے بھتہ طلب کیا جارہا ہے، کراچی بھتہ خور لینڈ گریبرز کا شہر بن گیا، عوام کیلئے اپنی زمینیں بچانا مشکل ہوگیا، ہر جانب پیشہ ور قبضہ گروپس منڈلارہے ہیں، قبضہ کی گئی زمینیں خالی کرنے کا کروڑوں روپے بھتہ طلب کیا جارہا ہے، بھتے کی ادائیگی کے بغیر زمین کے مالک کو اپنی زمین پر آنے کی صورتمیں قتل کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، لینڈ گریبرز کو پولیس میں شامل کالی بھیڑوں، متعلقہ سرکاری اداروں اور بعض سیاسی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ معاشی حب کراچی کے تاجروں اور شہریوں کو لینڈ گریبرز سے نجات دلائی جائے، انھوں نے وزیرِاعلیٰ سندھ، گورنر ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے بھی درخواست کی ہے کہ کراچی میں قبضہ کی گئیں زمینیں واگزار اور ناجائز تجاوزات مکمل طور پر مسمار کی جائیں، شہر میںغیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں شامل ادارے لینڈ گریبرز کے خلاف بھی اقدامات کریں۔