ایف بی آر کی ویب سائٹ پر سائبر حملے سے نظام متاثر ہو اہے ،پاکستان ٹیکس بار

205

لاہور(کامرس ڈیسک )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے بھی آئرس سسٹم کے نقائص اور بعض قانونی پیچیدگیوں کی وجہ مالی سال 2021ء کے گوشوارے جمع کرانے کیلئے مقررہ 30ستمبر کی تاریخ میں 90روز کی توسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ فیصلہ ملک کے بہترین مفاد کا حامل ہوگا۔ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب حسین ناگرہ اور جنرل سیکرٹری فرحان شہزاد کی جانب سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریو نیو ڈاکٹر اشفاق احمد کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان اور کنسلٹنس کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاہم دوسری جانب آئرس سسٹم پرشدید دبائو اور دیگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اور کنسلٹنس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اس حوالے سے ملک بھر کی ٹیکس بارز کی جانب سے آئرس سسٹم سے متعلق مشکلات اوراپنے تحفظات پر مبنی خطوط ارسال کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہیکرز کی جانب سے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر سائبر حملے سے پورے نظام کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے ایف بی آر کی ویب سائٹ بشمول کسٹم آپریشنز سسٹم پوری استعداد کے مطابق کام نہیں کررہے۔ ایف بی آر کی جانب سے سسٹم کی بحالی کے لئے بہترین اور بھرپور کاوشیں کی گئی ہیں۔