کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کا آغاز آج سے ہوگا

346

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز چمپئن کا آج سے آغاز ہوگا۔سہ روزہ فارمیٹ پر مشتمل اس ایونٹ میں سندھ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ کے میچز 29 ستمبر سے 14 نومبر تک جاری رہیں گے۔ یہ میچزایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور کے علاوہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم اور سعید اجمل اکیڈمی سمیت رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا افتتاحی میچ سندھ اور سینٹرل پنجاب کے مابین ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلا جائے گا۔دفاعی چمپئن سندھ کی ٹیم حال ہی میں مکمل ہونے والے کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی کامیابی حاصل کرچکی ہے۔اْدھر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد جبکہ سدرن پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں مدمقابل آئیں گی۔ایونٹ کے تمام میچز ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلیں جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل راؤنڈ 12 سے 14 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔ کپتان بلوچستان سیکنڈ الیون عظیم گھمن نے کہا ہے کہ ہم نے ٹورنامنٹ کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ ہمارا اسکواڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اچھے آلراؤنڈرز اور تجربہ کار بیٹرز کے سبب بیٹنگ ہمارا مضبوط شعبہ ہے۔کپتان سنٹرل پنجاب سیکنڈ الیون علی شان نے کہا ہے کہ ہم اس تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ہمارا فاسٹ بولنگ ڈیپارٹمنٹ بہت مضبوط ہے ، امید ہے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔ کپتان خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون وقار احمد نے کہا ہے کہ ہم نے ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے ایک ہفتے پر مشتمل کیمپ میں شرکت کی۔ ہمارے اسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ کپتان ناردرن سیکنڈ الیون عمر وحید نے کہا ہے کہ ہم نے ٹورنامنٹ کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔ ہمارے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، جو حریف ٹیم کو آل آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کپتان سندھ سیکنڈ الیون سیف اللہ بنگش نے کہا ہے کہ ہم ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہمارا اسکواڈ متوازی ہے، گزشتہ سیزن سے بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہیں بلکہ وہ ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔کپتان سدرن پنجاب سیکنڈ الیون معین الدین نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں کوچز نیبھرپور محنت کی ہے۔ پرعزم ہیں کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔