شمالی کوریا نے ایک اور میزائل تجربہ کر ڈالا

400
شمالی کوریا: تجربے کے دوران داغا گیا میزائل ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے ایک اور میزائل تجربہ کر ڈالا۔ جنوبی کوریا کی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کی فوج نے ملک کے مشرقی ساحل کی جانب ایک نامعلوم میزائل داغا ہے۔ جاپانی وزارت دفاع کے مطابق یہ بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔ شمالی کوریا کے سفیر کم سانگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کے ملک کو قانونی دفاع کے حق سے کوئی بھی محروم نہیں رکھ سکتا اور یہ کہ ان کے ملک کو میزائل تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔ امریکا نے اس کی مذمت کی ہے۔ شمالی کوریا نے منگل کی صبح کو اس بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا۔ اس سے چند گھنٹے قبل ہی اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمایندے نے تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ملک کے خلاف دیگر ممالک کی مخاصمانہ پالیسیوں کی وجہ سے پیانگ یانگ کو ہتھیاروں کا تجربہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا میزائلوں کا یہ تیسرا تجربہ ہے۔ اس سے قبل اس نے ایک کروز میزائل اور 2 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔ اقو ام متحدہ نے شمالی کوریا پر میزائلوں کے تجربات پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ شمالی کوریا کے میزائل کے تجربے کے فوراً بعد جنوبی کوریا کی حکومت نے قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ طلب کی اور میزائل تجربے کی مذمت کی۔ اس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک کم فاصلے تک پہنچنے والا میزائل تھا اور شمالی کوریا نے ایسے وقت اس کا تجربہ کیا ہے جب کوریا جزیرہ نما میں سیاسی استحکام کی صورت حال بہت نازک ہے۔ جنوبی کوریا اور امریکا کے حکام اس میزائل کا تجزیہ کررہے ہیں۔ جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے ایک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔