بلدیاتی اداروں کی نااہلی نے کورنگی کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ، عبدالجمیل

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیاتی اداروں کی نااہلی اور چشم پوشی نے ضلع کورنگی کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے، ہر طرف کچرے کے انبار اور سیوریج سسٹم تباہ حال ہے ،پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور مصنوعی قلت سے مفاد پرست عناصر کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے یونین کونسل تیس، پینتیس اور دیگر علاقوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی کے شہریوں کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہے، ضلع کورنگی آج بے پناہ مسائل کا شکار ہے، سابق بلدیاتی ادوار میں اختیارات نہ ہونے کا رونا دھونا مچا کر صرف اپنی جیبیں بھری گئیں، سڑکیں، گلیاں ٹوٹی پھوٹی ،جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور جا بجا سیوریج کا گندا پانی کورنگی کے عوام کا مقدر بنا دیا گیاہے ۔انہوں نے وفود کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلیے جماعت اسلامی ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔