بحریہ ٹاؤن ہنگامہ، پولیس کی 27مقدمات سی کلاس کرکے رپورٹ پیش

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں بحریہ ٹاؤن ہنگامہ آرائی کیس،پولیس نے 27 مقدمات سی کلاس کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کردی،سندھ ہائی کورٹ میں پولیس کی جانب سے بی کلاس کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ملزمان کے خلاف مزید 2 مقدمات بھی سی کلاس کردیے جائیں گے، ایک وقوعہ کے متعدد مقدمات درج کرنے پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سرزنش کی، عدالت کی جانب سے بار بار سوالات پوچھنے پر موثر جواب نہ دینے پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس کے کے آغا کاکہناتھا کہ اعلیٰ رینک افسر کا یہ رویہ حیران کن ہے،عدالت نے اے ٹی سی کو کیسز جلد نمٹانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے درخواستوں کی مزید سماعت 13 تک کے لیے ملتوی کردی۔مقدمات میں سید جلال محمود شاہ،سجاد چانڈیو،عبدالخالق جونیجو اورسید زین شاہ سمیت 105 سیاسی کارکن نامزد تھے۔ درخواست گزار کاکہناتھا کہ بحریہ ٹاؤن میں واقعے کے اب صرف 5 مقدمات باقی رہ گئے ہیں، دو مقدمات ملیر کی عدالت میں زیر سماعت ہیں،تین مقدمات انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہیں،ملزمان کے خلاف ضلع ملیر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے،ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ،ہنگامہ آرائی اوردہشت گردی سمیت متعدد الزامات تھے۔