کورنگی سیکٹر 31 میں بجلی کے تعطل کا دورانیہ 16گھنٹے سے متجاوز

198

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک نے لائن لاسز،کیبل فالٹ، تیکنیکی فالٹ کے نام پرباقاعدگی سے بجلی بل اداکرنے اورکے ای بلز میں اسٹارصارف کے درجے والے صارفین کے علاقے میں 12 سے 14 گھنٹے بجلی معطل رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے،کورنگی سیکٹر 31 کے مختلف سب سیکٹرز میں بجلی کے تعطل کا دورانیہ 16 گھنٹے سے تجاوزکرگیا ہے،تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پرآنے کا اعلان کردیا ہے۔ کورنگی سیکٹر31 اے کے صارفین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ضلع کورنگی میں سیکٹر31 اے میں الواسع ٹاؤن،عبدالخالق اللہ والا ٹاؤن سمیت مختلف سب سیکٹرز میں کیبل فالٹ لائن لاسزتیکنیکی فالٹ کی آڑ میں گزشتہ ایک ہفتے سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اورترجمان کے الیکٹرک ، کے ای کورنگی کے افسران سے رابطہ کرنے پر اصرار کے باوجود سیکٹر 31 اے میں کیبل فالٹ تیکنیکی فالٹ کے مقام کی نشاندہی جبکہ فالٹس کی نوعیت بتانے سے انکاری ہیں جبکہ اچانک بجلی بند ہونے پر کے ای ہیلپ لائن 118 پر بجلی بند ہونے کی شکایت کرنے پر بجلی بحال ہے کا کہہ کرلائن منقطع کردی جاتی ہے اورکمپلینٹ نمبربھی نہیں دیا جارہاہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کا کہنا ہے کہ لیاری میں کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف عوامی احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہوں،ایک سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت سازش کرکے یہ پرائیویٹ ادارہ لیاری میں بد امنی کا ماحول پیدا کر رہا ہے۔