سندھ میں طوفانی طارش کی پیش گوئی،سیلاب کا خدشہ،ماہی گیروں کو سمندر میں شکار سے روک دیا گیا

228

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان ’’گلاب‘‘ ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوکر وسطی بھارت میں بدستور موجود ہے‘ اس کے آج بدھ کو (29 ستمبر) بحیرہ عرب پہنچنے پر ایک بار پھر طاقتور ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ سمندری طوفان ’’گلاب‘‘ کے نتیجے میں سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش کاامکان ہے‘ بارش کا یہ سلسلہ 2 اکتوبر تک جاری رہ سکتا ہے‘ ماہی گیروں کو30 ستمبر سے3 اکتوبر تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، دادو اور لسبیلہ میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں‘ متعلقہ ادارے الرٹ اور انتظامات کو مکمل رکھیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے میر پور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی‘ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے درمیان بارش ہو سکتی ہے‘ سمندر میں طغیانی کابھی امکان ہے‘ اس لیے اس دوران ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ ایڈ منسٹریٹر فشر مینزکوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے طوفانی بارش اور تیز سمندری ہوائوں کے خطرے کے پیش نظر ماہی گیروں کو محتاط رہنے اورگہرے سمندر میں جانے سے روک دیا ہے۔