برطرفی کا ڈر‘ایم ڈی او جی ڈی سی ایل شاہد سلیم مستعفی

141

اسلام آباد(صباح نیوز)ناقص کارگردگی کی بنا پر برطرفی کے ممکنہ خدشے کے باعث ایم ڈی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ( او جی ڈی سی ایل) شاہد سلیم خان نے استعفا دے دیا۔ بورڈ یکم اکتوبر کو قائم مقام ایم ڈی کی منظوری دے گا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اور اوجی ڈی سی ایل بورڈ شاہد سلیم خان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھا، فیصلوں میں التوا کے باعث کمپنی کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی۔دوسری جانب او جی ڈی سی ایل نے 30جون 2021ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے آڈٹ شدہ مالیاتی نتائج جاری کردیے، جس کے مطابق کمپنی کی نیٹ سیلز 239.104ارب روپے رہی جو گزشتہ سال 232.925روپے تھی۔ ٹیکس ادائیگی کے بعد نقد منافع 91.534روپے رہا جو گزشتہ سال 100.938ارب روپے رہا تھا۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق آپریٹنگ پرافٹ مارجن 45فیصد اور نیٹ پرافٹ مارجن 38فیصد رہا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فی حصص 1.50روپے فائنل کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان بھی کر دیا۔ اسی طرح خام تیل کی اوسط نقد قیمت 46.67ڈالر فی بیرل جبکہ قدرتی گیس کی اوسط نقد قیمت 383.88روپے فی ایم سی ایف رہی۔ تلاش کی سرگرمیوں کے نتیجے میں تیل اور گیس کے 6 کنوئیں دریافت کیے گئے۔