سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن: 10دہشت گرد ہلاک

131

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن  کیا، فائرنگ کے تبادلے میں  4اہم کمانڈرز سمیت  10دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نےآپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا ،اطلاع ملنے کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا، جہاں  سے بھاری مقدار میں اسلحہ وبارود برآمدہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بارودی سرنگوں کے دھماکوں ، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر حملوں میں ملوث تھے،دہشت گرد جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کا ارادہ رکھتے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ نے کے لیے پُر عزم ہیں، پاک فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے ہروقت تیار رہتی ہے۔

دوسری جانب دہشت گردوں نے ایرانی علاقے سے ایف سی چوکی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایف سی اہلکار مقبول شاہ شہیداور ایک جوان زخمی ہوا ہے،ایف سی چوکی پر حملہ بلوچستان کے جنرل ایریا چوکب میں کیا گیا، دہشت  گردوں نے چھوٹے ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان نے متعلقہ ایرانی حکام کو واقعے سے آگاہ کردیا ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں، جہاں انہوں نے زخمی ہونے والے جوانوں کوابتدائی طبی امداد دیتےہوئے قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔