“اقوام متحدہ میں اسلامی امارات افغانستان کو نشست دی جائے”

853

کابل: اقوام متحدہ میں اسلامی امارت افغانستان( آئی ای اے) کے نامزد مستقل مندوب محمد سہیل شاہین نے عالمی برادری پر زو ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست اسلامی امارات افغانستان کو دی جائے۔

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک تاریخی دور سے گزررہا ہے اب ملک کا ہر  حصہ ہمارے کنٹرول میں ہے جبکہ سابق انتظامیہ ختم ہوچکی ہے، ہم اپنے عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

سہیل شاہین نے کہا کہ  اقوام متحدہ میں نشست حاصل کرنے کے ذریعے ہم عالمی برادری کے رابطہ کے ساتھ افغان عوام تک انسانی امداد آسانی کے ساتھ پہنچا سکتے ہیں۔

 سہیل شاہین نے کہاکہ سردی کا موسم پہلے ہی شروع ہوچکا ہے یہ ہرایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر افغانی تک انسانی امداد کیلئے سہولت فراہم کرے، اس سلسلے میں تعاون کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور ہم عالمی ادارے کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

سہیل شاہین نے کہاکہ عالمی قانون کے مطابق اقو ام متحدہ میں نمائندگی کرنے کا ہمیں حق حاصل ہے اور میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کررہا ہوں کہ وہ اقوام متحدہ میں چار کروڑ افغان عوام کو نمائندگی سے محروم نہ رکھیں۔