سابق ہائی کمشنر اور پیپلزپارٹی رہنما واجدشمس الحسن انتقال کرگئے

341

برطانیہ میں سابق ہائی کمشنر، صحافی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کر گئے۔

اہل خانہ کے مطابق واجد شمس الحسن لندن میں زیر علاج تھے وہ 6 ہفتے سے اسپتال میں داخل تھے اور آج خالق حقیقی سے جاملے۔ ن کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واجد شمس الحسن طبیعت ناساز ہونے کے سبب رائل فری اسپتال میں چھ ہفتوں سے داخل تھے، وہ گزشتہ دو برس سے علیل تھے۔

واجد شمس الحسن بھٹو خاندان کے عظیم دوست اور ساتھی تھے۔ سابق صدرآصف علی زرداری نے سید واجد شمس الحسن کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا  شمار ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

 آصف زرداری نے کہا کہ واجد شمس الحسن کے والد قائداعظم کے 40سال ساتھی رہے۔

واضح رہے کہ واجد شمس الحسن 2008ء میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں، واجد شمس الحسن 40 سال سے زائد عرصہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔