طالبان کا امریکا پر افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام

562

کابل: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکا پر افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں افغان فضائی حدود میں امریکی ڈرونز دیکھے گئے ہیں،افغانستان خود مختار ملک ہے، امریکی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہاکہ امریکی ڈرونز دوحا میں طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی ہے،امریکا افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی بند کرے، ناخوشگوار نتائج سے بچنے کے لیے امریکا معاہدے کی پیروی کرے۔

ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ امریکا امن کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرے، ہم امن قائم رکھنا چاہتے ہیں اسی لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ امارات اسلامیہ کے خلاف میڈیا پر جھوٹی خبریں نشر کی گئی تھیں جس میں بتایا گیا تھا کہ داڑھی کاٹنے اور خواتین کے اسمارٹ فونز استعمال کرنے پر پابندی ہوگی،امارت اسلامیہ نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ دشمن ہمارے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا کر بدنام کرنا چاہتاہے۔