وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد

270

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

عدالت عالیہ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ درخواست سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

درخواست گزار حلیم عادل شیخ نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صادق و امین نہیں رہے، انہوں نے امریکا کی دہری شہریت کو الیکشن کمیشن سے چھپائی، 2013 میں مراد علی شاہ کو دہری شہریت چھپانے پر سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا تھا۔

درخواست میں کہا گیا کہ نااہلی کے باوجود مراد علی شاہ نے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا اور کامیاب ہوئے، آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت مراد علی شاہ کو مستقل نااہل قرار دیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے آج مختصر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی ہے۔